اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون سمز سے متعلق انتباہ جاری کردیا ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ آپ کی ڈیجیٹل شناخت آپ کی ذمہ داری ہے، اپنے واٹس ایپ سے منسلک غیرفعال یا غیر رجسٹرڈ سمز کی بروقت تصدیق یقینی بنائیں۔پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ آپ کا واٹس ایپ اکائونٹ جلد ہی ناقابل رسائی ہوسکتا ہے اگر وہ کسی غیر فعال، بلاک، منسوخ شدہ یا غیررجسٹرڈ سم سے منسلک ہو۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اپنے اکائونٹس، چیٹس، رابطوں اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے یقینی بنائیں کہ آپ کا واٹس ایپ نمبر فعال سم سے منسلک ہو۔1۔ اگر ضرورت ہو تو بائیو میٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کے لیے اپنی قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔2۔ اگر آپ کی موجودہ سم غیرفعال ہے تو فورا اپنا واٹس ایپ اکائونٹ کسی تصدیق شدہ اور فعال سم پر منتقل کریں۔3۔ یقینی بنائیں کہ آپ کا واٹس ایپ نمبر کسی فعال اور رجسٹرڈ سم سے منسلک ہو۔علاوہ ازیں اپنے اکائونٹ کے غیر متوقع لوگ آٹ کا انتظار نہ کریں، آپ کا موبائل نمبر آپ کی ڈیجیٹل شناخت بھی ہے۔




