وزیراعظم’ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی فورسز اور اداروں کو شاباش

اسلام آباد /لاہور (بیوروچیف) ملک بھر میں یوم عاشور کے پرامن انعقاد پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی سکیورٹی فورسز اور اداروں کو شاباش۔ وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور انہیں یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو شاباش دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، وزیر داخلہ نے یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی صورتحال اور سیکیورٹی کے حوالے سے لیے گئے انتظامات پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، علی امین گنڈاپور، میر سرفراز بگٹی، اور وزیراعظم آزاد جموں کشمیر چوہدری انوار الحق، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کو یوم عاشور کے موقع اپنے اپنے علاقوں میں موثر سیکیورٹی انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے صوبائی انتظامیہ، پولیس، سیکیورٹی فورسز اور رینجرز کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی فورسز کی موثر وپیشہ ورانہ منصوبہ بندی کی بدولت عوام کے لیے یوم عاشور کا پر امن اور پر سکون انعقاد ممکن ہوا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات اورعوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو عاشورہ کے انتظامات احسن طریقے سے کرنے پر سراہا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہترین انتظامات پر صوبائی وزرائ، اداروں سمیت تمام ٹیم کوشاباش دی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا انتظامات کے لحاظ سے بہترین، پرامن ترین محرم منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ہوم پنجاب، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، پی ٹی اے سمیت تمام اداروں انٹیلی جنس ایجنسیوں، ضلعی انتظامیہ کوخراج تحسین پیش کیا، پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، رینجرزکے افسروں اورجوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے محرم کے انتظامات میں تعاون پرامن کمیٹیوں، علماکرام، عزاداران حسین سے بھی اظہار تشکر کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے دیگر وزرا کے ہمراہ مرکزی جلوس کاجائزہ لیا، مریم اورنگزیب نے پنجاب محکمہ داخلہ میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمان بھی ہمراہ تھے، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹراحمد جاوید قاضی نے پنجاب بھرکی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سائبرپٹرولنگ سیل سے1600سے زائد منافرت پھیلانیوالے اکائونٹ رپورٹ ہوئے، 170افراد کو گرفتار اور ایف آئی آرز درج کی گئیں، ریئل ٹائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے جلوسوں، مجالس کی نگرانی کی گئی،جلوس کے راستوں کی صفائی، پانی کاچھڑکائو، جراثیم کش ادویات کا سپرے مسلسل جاری رہا، موبائل ٹوائلٹس، پینے کے صاف پانی کاانتظام، ریسکیو سروسزکی فراہمی یقینی بنائی گئی، بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے واپڈا اور دیگر اداروں کیساتھ مربوط پلان مرتب کیاگیا، مریم اورنگ زیب نے کہا الحمدللہ تمام اضلاع میں جلوس کے راستوں کی بروقت مرمت کی گئی، سبیلوں سمیت عارضی طبی مراکز قائم کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں