وزیراعظم کا GB میں شمسی توانائی پر کام تیز کرنیکا حکم

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شمسی توانائی منصوبے پر کام کی رفتار تیز اور منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی۔وزیراعظم نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز اور منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں