وزیر صحت نے FICمیں نئے ایمرجنسی بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عارضہ قلب میں مبتلا مریضوں کو علاج کی فوری سہولیات فراہمی کیلئے اقداما ت ، صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نئے ایمرجنسی بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ڈونر کے تعاون سے تعمیر ہونے والا نیا ایمرجنسی بلاک ابتدائی مرحلہ میں 70 بیڈز پر مشتمل ہوگا۔افتتاحی تقریب میں کمشنر مریم خان، سپیشل سیکرٹری صحت طارق رحمانی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ایم پی اے عظمیٰ راجہ،سابق ایم این اے میاں منان،فیصل آباد مخیر برادری اورفیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ بھی موجود تھی۔صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس میں نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر بارے بریفنگ بھی لی اور ڈونر کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے مریضوں کے رش کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال ٹو میں ایمرجنسی کارڈیک سروس دوبارہ شروع کرنے کیلئے بھی پلان طلب کرلیا۔صوبائی وزیر صحت کا اس موقع پر کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب شہریوں کو علاج کی معیاری سہولیات فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ نئے بلاک سے مریضوں کے فوری علاج معالجے کے لئے ایمرجنسی سروسز میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ ایف آئی سی میں نئے بلاک کی تعمیر میں مخیر شخصیت سیٹھ افتخار کا تعاون قابل ستائش ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے بجٹ میں صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے ایف آئی سی میں طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق کو وزٹ کے دوران بتایاگیا کہ نئے وارڈ کی تعمیر سے ایمرجنسی کی مجموعی گنجائش 136بیڈز تک پہنچ جائے گی۔ نیا ایمرجنسی بلاک موجودہ وارڈ کے ساتھ منسلک ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں