ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونیوالے نوجوان کے والدین کی انصاف کیلئے دہائی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف’ کمشنر فیصل آباد محترمہ سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر ہمیں انصاف فراہم کریں۔ گذشتہ دنوں چوہڑ ماجرا کا رہائشی نوجوان علی رضا جو گھر کا واحد کفیل تھا’ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی نے ٹکر مار کر سے شہید کر دیا تھا ‘ ابھی تک ہمیں انصاف نہیں ملا اور مقامی انتظامیہ بھی ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی’ ان خیالات کا اظہار شہید علی رضاکے والد حاجی ملک مشتاق’ بھائی حافظ محمد اشفاق’ بھائی ملک حسنین’ والدہ محترمہ نے پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ملک سرفراز قادری کی رہائش گاہ پرپاکستان پیپلزپارٹی کے سرگرم رہنما ملک ذوالفقار علی’ سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) PP118اجمل خان لودھی ٹرانسپورٹر’ آل کونسلرز اتحاد کے بانی ملک شاہد مجید’ تحریک انصاف یوتھ ونگ کے نائب صدر ملک احمد’ جماعت اسلامی کے رہنما حاجی ملک طاہر حماد’ اوورسیزپاکستانیز ملک رفیق شہزاد اور اہل علاقہ کے ساتھ پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا’ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ ہماری داد رسی نہیں کر رہی۔ ہماری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف’ کمشنر فیصل آباد محترمہ سلوت سعید اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے اپیل ہے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں اور اس حادثے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کا بول بالا ہو اور آئندہ کسی ماں باپ کا بچہ اس انداز سے ان سے جدا نہ ہو۔ مقررین نے کہا کہ اگر ہم انصاف کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور اگر ہمیں انصاف نہ ملا اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو ہم ضلع کونسل چوک میں بھرپور احتجاج کریں گے اور دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر مقررین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی کہ چونکہ شہید علی رضا گھر کا واحد کفیل تھا اور کرایہ کے گھر میں اپنے ماں’ باپ اور چھوٹے بھائیوں کے ساتھ رہائش پذیر تھا اس لئے شہید علی رضا کے بھائی کو سرکاری نوکری فراہم کر دی جائے تاکہ ان کا گزر بسر ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں