فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حادثات میں اموات کا سلسلہ بڑھ گیا، تیز رفتاری’ دوران ڈرائیونگ موبائل فونز کا استعمال’ ہیلمٹ نہ پہننا’ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں جان لیوا حادثات کی بڑی وجوہات قرار’ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم بڑھانا اور چالانوں میں اضافہ بھی صورتحال میں بہتری پیدا نہ کر سکا، والدین اور سول سوسائٹی نوجوان نسل کی اصلاح کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔ تفصیل کے مطابق ٹریفک حادثات میں لوگوں کے جان سے جانے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ اس بارے میں کی جانیوالی تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ نوجوانوں میں تیز رفتاری کا جنون’ ہیلمٹ نہ پہننا اور بعض مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں اس کی بڑی وجوہات ہیں۔ فیصل آباد اور دیگر شہروں میں سب سے زیادہ حادثات موٹرسائیکل کے ہو رہے ہیں’ ملک میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں تقریباً 57فی صد افراد موٹرسائیکل سوار ہوتے ہیں۔ ٹریفک حادثات کے دوران اموات میں اضافہ کے باوجود تیز رفتاری سے بازنہ آنا، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال اور ہیلمٹ نہ پہننے کا رجحان ختم نہیں ہو سکا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی رقم بڑھنے اور چالانوں میں اضافے کے باوجود صورتحال بہتر نہیں ہو سکی ہے۔ والدین اور سول سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور نسل نو میں تیز رفتاری نہ کرنے’ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کرنے اور ہیلمٹ کے لازمی استعمال بارے شعور اجاگر کریں۔




