ٹوبہ میں خسرہ،روبیلا کی مہم جاری

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خسرہ و روبیلا (MR) ویکسینیشن مہم کے دوران محکمہ صحت کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر فیلڈ ٹیموں نے پہلے سات روز میں ہدف کے مقابلے میں 98.32 فیصد کوریج حاصل کی۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پہلے سات روز کے لیے کل 194,943 بچوں کا ٹارگٹ مقرر تھا، جس میں سے 191,675 بچوں کو ویکسین لگا دی گئی۔ مہم کے دوران 16,228 ایسے بچے رپورٹ ہوئے جنہیں پہلے دورے میں ویکسین نہیں لگ سکی تھی، تاہم ٹیموں نے موثر فالو اپ کے ذریعے ان میں سے 7,188 بچوں کو کور کر لیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد نے مختلف فکسڈ پوائنٹس کا دورہ کیا اور ٹیموں کی کارکردگی، حاضری، ویکسین ریکارڈ، کولڈ چین اور ویکسینیشن لاگ بک کی جانچ پڑتال کی۔ ڈی ایچ او نے متعدد گھروں میں جا کر بچوں کے بازووں پر نشانات بھی چیک کیے تاکہ کوریج کے درست ریکارڈ کی تصدیق کی جا سکے۔فوکل پرسن/ ڈی ایچ او ڈاکٹر فیضان ارشد نے کہا ہے کہ مہم 15 جنوری تا 27 جنوری 2025 جاری رہے گی، اور باقی رہ جانے والے بچوں تک رسائی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر فیضان ارشد نے کہا کہ ضلع میں مہم کا آغاز مثبت نتائج کے ساتھ ہوا ہے۔ ٹیمیں پوری محنت سے کام کر رہی ہیں، اور بقیہ بچوں تک جلد از جلد رسائی یقینی بنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں