پائپ لائن بچھانے کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے ترقیاتی سکیموں میں ہر ہفتہ 2ہزار فٹ پائپ لائن بچھانے کی ڈیڈ لائن جاری کردی ہے جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹرز کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کی ڈویلپمنٹ پراگریس ریویو میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر پائپ لائنز بچھانے کے تعمیراتی کاموں کی سپیڈ کو مزید تیز کیا جائے کیونکہ دسمبر کے اختتام تک 70 فیصد پراگریس ہونی چاہئے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک تعمیراتی کاموں کی کڑی نگرانی کرے اور ہفتہ وار پراگریس رپورٹ دے اور کسی بھی سکیم پر2 ہزار فٹ سے کم لائن نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلو پراگریس کی حامل ترقیاتی سکیموں کے کنٹریکٹرز کو لیٹر لکھا جائے کہ وہ اپنے کاموں کی سپیڈ کو مزید تیز کریں جس کے لئے لیبر کی تعداد اور مشینری کو بھی بڑھایا جائے۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ جو کنٹریکٹر کام نہیں کررہے انہیں فارغ کر دیا جائے اور اس سکیم کا نیا کنٹریکٹ جاری کر دیں گے۔ انہوں نے نومبر کے اختتام تک مشینری بھی فیصل آباد پہنچانے کے اقدامات کرنے کی تاکید بھی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا ، ڈائریکٹر کنسٹرکشن علی احمد ، ڈائریکٹر آپریشنز مخدوم بابر ، سانول ملک و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں