7

پاکستانی طلبہ کیلئے خوشخبری،ترکیہ کا سکالر شپس کا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز نے میگس (معارف انٹرنس امتحان) کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا جوپاکستان بھر کے باصلاحیت طلبہ کیلئے میرٹ پر مبنی داخلہ اور سکالرشپس پروگرام ہے۔سرکاری خبر رساں اداریکی رپورٹ کے مطابق میگس ایک مسابقتی داخلہ امتحان ہے جس کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم، مالی معاونت، فیس میں رعایت اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔پروگرام کے تحت کامیاب امیدوار پاک ترک معارف کے مختلف کیمپسز میں داخلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سکالرشپس کے مستحق بھی قرار پائیں گے ،انکیلئے مستقبل میں عالمی معیار کی یونیورسٹیوں تک تعلیمی پیشرفت کے مواقع بھی موجود ہوں گے۔ پہلی بار کشمیر میں بھی میگس کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے جو خطے کے طلبہ کیلئے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے،اعلامیے کے مطابق پاک ترک معارف نے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی توسیع کے تحت خطے کا پہلا کیمپس پاک ترک معارف انٹرنیشنل اے جے کے مظفر آباد کیمپس قائم کردیا ہے جس سے علاقے میں جدید اور معیاری تعلیم کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔طلبہ جماعت چہارم، پنجم، ششم، ہفتم، ہشتم اور نہم کے علاوہ آئی جی سی ایس ای1 میں داخلے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، پروگرام کے نمایاں فوائد میں میرٹ بیسڈ سکالرشپس، ٹیوشن فیس میں رعایت، مالی معاونت اور کم داخلہ فیس شامل ہیں، طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے تعلیمی نظام سے بھی روشناس کرایا جائے گا جس میں ترکی زبان سیکھنے کے مواقع بھی شامل ہیں۔میگس کے تحت اب تک 25000 سے زائد طلبہ امتحان میں حصہ لے چکے ہیں ،ہر سال 5000 سے زائد طلبہ کی شرکت کے ساتھ میگس ملک کے نمایاں تعلیمی سکالرشپس پروگرامز میں شمار ہوتا ہے ۔میگس 2026-1 کیلئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 فروری 2026 ہے جبکہ داخلہ امتحان 15 فروری 2026 کو منعقد ہوگا، نتائج کا اعلان 26 فروری 2026 کو کیا جائے گااور کامیاب امیدواروں کو اگلے مرحلے میں انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے روشن تعلیمی مستقبل کی جانب پہلا قدم اٹھائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں