پاکستان اور تاجکستان کا تجارتی تعلقات مستحکم کرنیکا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستانی شہریوں کے لیے تاجکستان کی جانب سے ای ویزا اور ویزا آن ارائیول کی سہولت ملنے کے امکانات روشن ہوگئے ۔وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے تاجکستان کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں، جس میں تاجکستان نے پاکستانی شہریوں کے لیے ای ویزا اور ویزا آن ارائیول کی سہولت جلد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور سیاحتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ ملاقات میں تاجکستان کی جانب سے زرعی مصنوعات کے شعبے میں بارٹر ٹریڈ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔سردار یاسر الیاس نے اس موقع پرکہا کہ یہ دورہ پاکستان اور تاجکستان کی دوستی کا ثبوت ہے، ہمارا ہدف پائیدار شراکت داری اور باہمی تجارتی مواقع پیدا کرنا ہے۔وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر نے تاجک وزیرِ صنعت و ٹیکنالوجیز شیر علی کبیر سے بھی ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کے درمیان فعال تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا،سردار یاسر الیاس نے تاجک تجارتی وفد کو پاکستان آنے کی دعوت دی اور دونوں جانب سے ٹیکسٹائل، لیدر اور بلڈنگ میٹریلز کی ایکسپورٹ بڑھانے کے علاوہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں شراکت داری پر بھی گفتگو کی گئی۔سردار یاسر الیاس نے تاجک ڈپٹی وزیرِٹرانسپورٹ فرہ نمت زادہ سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں توسیع پر غور کیا گیا، ملاقاتوں کے دوران مشترکہ اکنامک کانفرنسز کے انعقاد کی تجویز بھی زیرِغور آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں