پاکستان ریلویز بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح

لاہور (بیورو چیف) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کا قیام پاکستان ریلویز کے ساتھ کاروبار کرنے والے شراکت داروں کی سہولت کے لئے عمل میں لایا گیا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر سے پاکستان ریلویز کے فریٹ، لاجسٹکس اور کمرشل امور میں نمایاں تیزی، سہولت اور شفافیت بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کرے گا، جہاں انہیں فوری رہنمائی اور بروقت فیصلوں تک براہِ راست رسائی حاصل ہو گی۔محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ پاکستان ریلویز کے ساتھ کاروبار کرنے والے تمام افراد اور اداروں کو محض صارف نہیں بلکہ کاروباری شراکت دار سمجھا جائے گا اور انہیں ہر ممکن حد تک سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر میں آنے والے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لئے انفارمیشن ڈیسک پر معلومات دستیاب ہوں گی اور بغیر کسی انتظار کے ان کی رہنمائی اور معاونت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں