پاکستان سے تجارت،ایران کا بڑا اعلان

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کے بعد پاک ایران برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین سالانہ تجارتی حجم 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے کا اعلان کردیا ہے،انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لئے پاکستان کے فعال ثالثی کے کردار کی بھی تعریف کی ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ”پاک۔ ایران تعلقات بھائیوں جیسے ہیں اور ایک بھائی کی تکلیف دوسرا بھائی محسوس کرتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے یہ علاقائی بحران جلد حل ہو جائے گا”۔ انہوں نے ایرانی قیادت بالخصوص ڈاکٹر قالیباف، ڈاکٹر مومنی اور ڈاکٹر عراقچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مشاورت مثبت نتیجے پر پہنچے گی۔ اپنے شیڈول کے مطابق، محسن نقوی ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے بھی اہم ملاقات کریں گے۔ ایرانی وزارتِ داخلہ کے حوالے سے ایرانی خبر رساں ادارے ایرنا کی رپورٹ کے مطابق، اسکندر مومنی نے پاکستانی ہم منصب سید محسن نقوی سے ملاقات کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس کے ساتھ ہماری مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور دیرینہ تاریخی جڑیں ہیں”۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں