پاکستان نے یمن میں یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کردی

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان نے یمن میں یکطرفہ اقدامات کی واضح طور پر مخالفت کرتے ہوئے مسئلے کے حل کیلئے علاقائی مکا لمے اور سفارتی کوششوں پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یمن کے حوالے سے علاقائی مکا لمے کی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں لاکھوں افراد کو فوری انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے اور عالمی برادری کو اس سنگین انسانی بحران پر فوری توجہ دینی چاہیے۔عاصم افتخار نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کو یمن میں پائیدار امن کے قیام کے لیے متحد ہو کر مثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، جبکہ عمان اور متحدہ عرب امارات کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہتا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان یمن کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے دفاتر اور اثاثوں پر غیر قانونی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں