پاکستان کرکٹ ٹیم نے 136سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا

کیپ ٹائون (سپورٹس نیوز) جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10وکٹوں کی شکست کے باجود پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا میں منفرد ریکارڈ بناڈالا۔ پروٹیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 478رنز کا مجموعہ بورڈ پر لگایا، جس میں کپتان شان مسعود کے 145اور بابراعظم کے 81رنز شامل تھے۔جنوبی افریقا میں 136برس کے طویل کے عرصے بعد کسی ٹیم نے 400رنز کا ہندسہ عبور کیا، یہ بھی پہلی بار ہوا ہے کہ کسی مہمان ٹیم نے پروٹیز کیخلاف فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 400سے زائد رنز بورڈ پر لگائے ہوں۔اس سے قبل 122سال قبل 1902 میں آسٹریلیا نے جوہانسبرگ میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 372/7رنز بنائے تھے۔جنوبی افریقا میں فالو آن کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ میزبان ملک کے پاس ہے، جس نے 1999میں ڈربن میں انگلینڈ کے خلاف 572رنز بنائے تھے۔خیال رہے کہ کیپ ٹائون میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، جس کے جواب میں قومی ٹیم محض 194رنز بناکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی، بعدازاں دوسری اننگز میں گرین شرٹس نے کپتان شان مسعود کے 145اور بابراعظم کے 81کی مدد سے 478رنز بورڈ پر لگائے تھے۔قومی ٹیم نے 57رنز کی برتری حاصل کی تھی، پروٹیز نے 58رنز کا ہدف محض 7.1اوورز حاصل کرلیا۔سیریز میں فتح کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کیلئے جنوبی افریقا کے فائنل کھیلنے کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ وہ 2023-25سائیکل میں ٹاپ پوزیشن پر قابض رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں