برمنگھم (سپورٹس نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو مسلسل دوسری شکست ہوگئی’جنوبی افریقہ نے پاکستان ویمنز کو2 وکٹ سے ہرا دیا۔برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پہلے پاکستان نے بیٹنگ کی ،پاکستان کی ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 126 رنز اسکور کیے۔فاطمہ ثنا نے 38 گیندوں پر55رنز کی اننگز کھیلی، 6 چوکے ، 2 چھکے لگائے۔طوبی حسن نے 23 رنز اسکور کیے۔جوابی اننگز میں پاکستانی ویمنز نے بھی عمدہ بولنگ کی اور جنوبی افریقی بیٹرز کو وقفے وقفے سے پویلین پہنچاتی رہیں۔ ایک مرحلے پر جنوبی افریقی ٹیم بھی مشکلات سے دوچار تھی، اس کے 107رنز پر 6 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے تھے لیکن ڈرکسین نے 52 ا ور ڈی کلرک نے 37رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔جنوبی افریقی ٹیم نے 127 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔فاطمہ ثناء نے 3، سعدیہ اقبال اور طوبی حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ ہفتے کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی ۔یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔




