برگن سٹاک (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری کیے جانے والے مشترکہ اعلامیے میں فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے، حتمی معاہدے کیلئے 60روزہ روڈ میپ منظور کرلیا گیا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان تکنیکی مذاکرات فوری شروع ہوں گے، مذاکرات پورے ہفتے برگن سٹاک میں جاری رہیں گے، آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کیلئے رابطہ لائن قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔اعلامیے کے مطابق ایٹمی پروگرام، پابندیوں سے متعلق ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے، لبنان جنگ بندی پر عملدرآمد کیلئے ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے پر اتفاق کر لیا گیا، ڈی کنفلیکشن سیل میں لبنان اور ثالث ممالک شامل ہوں گے، ثالث ممالک مذاکرات تعمیری ماحول میں آگے بڑھانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کی نگرانی کیلئے قائم کمیٹی مذاکراتی عمل کی نگرانی کرے گی، چیف مذاکرات کار کمیٹی کو باقاعدگی سے رپورٹ دیں گے، چیف مذاکرات کار جوہری پروگرام، پابندیاں اور نگرانی و تنازع کے حل سے متعلق گروپس کی قیادت کریں گے، معاہدے پر موثرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ قطر اور پاکستان نے امریکہ اور ایران کی سفارتی کوششوں کو سراہا، اور امید ظاہر کی ہے کہ سفارتی عمل خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی بنیاد بنے گا۔دریں ثناء ۔برگن سٹاک (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے اور امریکا کی جانب سے ایران کو کچھ منجمد اثاثے جاری کر دیئے گئے۔ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں لبنان جنگ کے خاتمے کے لیے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے لیے تیل اور پیٹروکیمیکل کی برآمدات پر پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔عباس عراقچی نے بتایا کہ ناکہ بندی اٹھا لی گئی ہے اور کچھ منجمد اثاثے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ اس سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ حتمی معاہدے کے آغاز کے لیے مذاکرات کی بنیاد رکھنے پر بات چیت کی گئی۔بات چیت میں دوسرے فریق کی ذمہ داریوں پر عملدرآمد سے متعلق اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈمیں ایران امریکامذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی کے قیام پر اتفاق کرلیا، حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈمیپ منظور کرلیا گیا۔




