پاکستان78سال سے ایک ہی نظام کے تسلط میں ہے،سراج الحق

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے سابق امیرسراج الحق نے پی پی109 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان78سال سے ایک ہی نظام کے تسلط میں ہے جس نے عوام کو کبھی حقیقی تبدیلی اور خوشحالی نہیں دی، جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور عدل و انصاف پر مبنی حقیقی اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے،ہماری جنگ عالمی طاغوت اور سامراجی قوتوں کے خلاف جاری ہے، جماعت اسلامی سویلین بالادستی پریقین رکھتی ہے، ہم پرامن اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ہمارا مقصد اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔کنونشن سے ضلعی امیر محبوب الزماںبٹ،زونل امیرزفرادریس جنجوعہ،صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹربابررشید،نائب امیرراناعبدالوحید،یاسر اقبال کھار،میاںطاہرایوب،میاںانوارالحق،راناسکندراعظم و دیگرنے بھی خطاب کیا۔سراج ا لحق نے سیلاب کی نتیجہ میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب کی تباہ کاریاں حکمرانوںکی نااہلیوں اور غفلت کا نتیجہ ہیں،سابق حکمرانوں نے ذاتی مفادات کیلئے رہائشی سوسائٹیوں کے ناجائز اجازت نامے جاری کیے اور موجودہ حکمرانوں نے انھیں منسوخ نہ کرکے ثابت کیا کہ ان سب کو ایک دوسرے کے مفادات عزیزہیں،عوام سے انہیں کوئی سروکارنہیں، یہ قومی مجرم ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن ملک و ملت کے وسیع تر مفاد کی خاطر فوری طور پر اپنی سیاسی و احتجاجی سرگرمیاں منسوخ کر کے اپنے تما م تر وسائل کو سیلاب زدگان کی بحالی پر صرف کریں۔اس نازک وقت میں سیاست کرنے کی بجائے پانی میں پھنسے ہوئے غریب عوام کی زندگیاں بچانے اور انہیں دوبارہ زندگی کی طرف بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں آپس میں بیان بازی میں مصروف ہیں،کسی کو بھی متاثرین کے ساتھ ہمدردی کے دو بول بولنے کی بھی توفیق نہیں ہو سکی۔ ہزاروں لوگ چھتوں پر بھوکے پیاسے پانی اترنے اور امداد کے منتظر ہیں ۔ قدرتی آفات میں عوام کو ریسکیو کرنا حکومتی ذمہ داری ہوتی ہے مگر حکومتیں اپنی ذمہ داریاں اداکرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ آج ملک بھرمیں جماعت اسلامی ،الخدمت کے کارکن رضاکارانہ طور پر امدادی سرگرمیوںمیںمصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں