پاکستا ن میں سرمایہ کاری کیلئے امریکہ تیار

نیوجرسی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ وزیراعظم نے نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی صدر سے ملاقات میں معیشت، انسداد دہشت گردی، معدنیات، اے آئی، آئی ٹی اور کرپٹوپربات ہوئی اور امریکا تجارت، آئی ٹی و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے ۔ وزیراعظم نے ٹیرف کے معاملے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کی قیمت کا مناسب تعین ہو گا، پاک امریکا تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6تا 10مئی چار روز میں پاکستانی افواج نے بہادری سے ہندوستان کو جنگ میں شکست دی، اللہ نے افواج پاکستان کو جو نصرت عطافرمائی اسکا جتنا شکریہ اداکریں وہ کم ہے۔ وزیراعظم نے نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈمارشل عاصم منیر نے جنگ میں دانشمندی سے افواج پاکستان کو لیڈ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ ہم نے جنگ جیت لی، انکے 7طیارے گرا دیئے، ہر جگہ حملے کیے، ان کا دماغ چکرا گیا، اب اس سے آگے نہیں جانا اور جنگ بندی قبول کرلی۔وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کے دوران دورہ سعودی عرب کا بھی ذکر کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ سعودی عرب گئے اور وہاں انکا شاندار استقبال کیا گیا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے 40سال میں اس طرح کا استقبال نہیں دیکھا۔ وزیراعظم نے ملک کی معیشت میں بہتری پر بھی گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ملکی حالات چند سال پہلے مشکلات کا شکار تھے، جب اقتدار سنبھالا تو اس وقت بھی معاشی چیلنجز تھے، مہنگائی 32فیصد تھی لیکن اب مہنگائی ڈیڑھ سال میں کم ہوکرسنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ جب اقتدار سنبھالا تو پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد تھا، آج 11فیصد پر ہے۔ وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کو عظیم پاکستانی سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے سال 24۔25 میں ساڑھے 38ارب ڈالر ملک بھجوائے، ملک کی اس وقت معاشی صورتحال مائیکرو لیول پر مستحکم ہوچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں