پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں ،درجنوں گرفتاریاں،لاکھوں کے جرمانے

سرگودہا ( بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی ہدایت پرضلع بھر میں گراں فروشی، منافع خوری اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کے خلاف بھرپور کارروائیا ں کی گئیں۔ ضلع سرگودہا کی تمام تحصیلوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 6 جون سے 10 جون تک مسلسل فیلڈ میں موجود رہ کر 14 ہزار 770 انسپکشنزانجام دیں۔کارروائیوں کے دوران پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی پر 18 دکانداروں کو موقع پر گرفتار کیا گیا جبکہ 2 دکانداروں کیخلاف ایف آئی آرز درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مزید برآں، خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 9 ہزار 5 سو روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی مانیٹرنگ، شکایات کا فوری ازالہ اور موقع پر کارروائی ضلعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ صارفین کو بھی چاہیے کہ وہ ناجائز منافع خوری کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ یہ کارروائیاں تحصیل سرگودھا، کوٹ مومن، سلانوالی، بھلوال اور شاہ پور سمیت ضلع بھر میں کی گئیں، جہاں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک رہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری نرخناموں پر عمل درآمد میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ منافع خور عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں