پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے زرعی شعبے کو مضبوط کیا جارہاہے،وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل ایگریکلچر ل فورم (سنٹرل پنجاب) کے اجلاس میں اکیڈیمیا، تحقیق، زرعی توسیع، کاشتکار برادری اور صنعت کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، تاکہ مربوط حکمتِ عملی کے تحت پائیدار غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ انہوں نے زراعت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحقیق پر مبنی پالیسیوں، کسان دوست توسیعی نظام اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے زرعی شعبے کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ زرعی یونیورسٹی نے قومی زرعی ترجیحات اور کسانوں کی ضروریات کے مطابق تحقیق اور تربیت میں اپنا قائدانہ کردار مسلسل ادا کر رہی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور وسائل کی کمی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی، علم کے تبادلے اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی استعداد کار، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق کے کمرشلائزیشن کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اجلاس میں چیف سائنٹسٹ ویٹ ایوب ریسرچ ڈاکٹر جاوید احمد، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن فیصل آباد خالد محمود، ڈین فیکلٹی زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر راؤ زاہد عباس، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران، ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر بابر شہباز، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی عرفان عباس، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر شافعہ تحسین گل اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید استعداد سازی پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا، فصل وار اشتراکی اقدامات کو فروغ دیا جائے گا اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے عملی مظاہرے کے لیے مشترکہ ڈیمانسٹریشن فیلڈز قائم کی جائیں گی۔ شرکاء نے اکیڈمیا اور صنعت کے مضبوط روابط، علم کے مؤثر تبادلے، اختراع کے فروغ اور تحقیق و ترقی کے نتائج کی کمرشلائزیشن پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں نومبر 2025ء میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محکمہ زراعت (ایکسٹینشن) کی جانب سے چلائی گئی گندم مہم کو سراہا گیا اور اسے ادارہ جاتی تعاون کی ایک کامیاب مثال قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ سنٹرل پنجاب ریجنل ایگریکلچرل فورم چھ ڈویژنز پر مشتمل ہے جن میں فیصل آباد، لاہور، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ اور گجرات شامل ہیں۔چیف سائنٹسٹ ویٹ ایوب ریسرچ ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا کہ گندم سمیت اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لیے تحقیق اور فیلڈ لیول پر عملدرآمد کے درمیان مضبوط ربط ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوب ریسرچ اور یونیورسٹی کا اشتراک کسانوں کو جدید اور تصدیق شدہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جو قومی غذائی تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن فیصل آباد خالد محمود نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں تک جدید سفارشات اور تحقیقی نتائج بروقت پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں