پلاٹ کی رقم کے تنازعہ پر مخالفین نے 2بھائیوں کو قتل کردیا،مقدمہ درج

جڑانوالہ(نامہ نگار) پلاٹ کی رقم کے تنازعہ پر مخالفین نے فائرنگ کرکے 2سگے بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا،دوہرے قتل سے گائوں کی فضا سوگوار ہو گئی،سی پی او فیصل آباد کامران عادل نے دوہرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ٹائون سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 73ر-ب کریانولہ کے رہائشی سید عامر امیر شاہ کا دیہہ ہذا ہی کے رہائشی ندیم ولد بشیر کیساتھ پلاٹ کی رقم کا تنازعہ چل رہا تھا گزشتہ روز ندیم ولد بشیر نے سید عامر امیر شاہ اور اسکے بھائیوں کو اپنے مکان میں پلاٹ کی رقم دینے کیلئے بلوایا جہاں تلخ کلامی پر ندیم نے اپنے 2کس نامعلوم افراد کے ہمراہ فائرنگ کرکے 2سگے بھائیوں عاشرامیر اور آصف امیر شاہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ اور ڈی ایس پی سرکل کھرڑیانوالہ پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالہ کر دیا ہے۔ دوہرے قتل سے پورے گائوں کی فضا سوگوار ہو گئی۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا الزام علیہ ندیم کیساتھ پلاٹ کی رقم کا تنازعہ چل رہا تھا۔ سی پی او فیصل آباد کامران عادل نے دوہرے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ٹائون ضیا الحق سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ وقوعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ پولیس تھانہ کھرڑیانوالہ نے مقتولین کے بھائی کی مدعیت میں 1نامزد اور 2کس نامعلوم افراد کیخلاف بجرم 302کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں نامزد ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں