3

پنجاب حکومت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے پُرعزم ہے

لاہور (بیورو چیف)محکمہ صنعت و تجارت اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے اشتراک سے انڈسٹریل ایمشنز بیس لائن اینڈ کلین ٹیکنالوجی روڈ میپ کی تیاری کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈائلاگ کا انعقاد کیا گیا سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمانان خصوصی تھے۔کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بنک،سیکرٹری انڈسٹریز،سیکرٹری تحفظ ماحولیات، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔ معروف صنعتکاروں اور ماہرین ماحولیات بھی تقریب میں شریک ہوئے۔پنجاب کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے سٹیک ہولڈرز نے سود مند تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تحفظ ماحولیات کے حوالے سے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں اور اس حوالے سے گزشتہ 2 سالوں میں جتنا کام ہوا صوبے کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آنیوالی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں چین کے سرمایہ کار گروپ پنجاب کی انڈسٹریل اسٹیٹس میں الیکٹرک وہیکلز کے ایسمبلنگ پلانٹ لگا رہے ہیں پنجاب میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز بھی لگ رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ سیزن شروع ہونے سے قبل انڈسٹری کو تحفظ ماحولیات کے حوالے سے نوٹسز جاری کئے گئے۔زہریلا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور ٹائر جلانے والے کارخانوں کے خلاف کاروائیاں کی گئیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت سے پہلے والی حکومت نے صرف کاغذوں میں شجر کاری کے منصوبے بنائے اس لئے اس دور حکومت میں لگائے گئے درخت کہیں نظر نہیں آتے جبکہ موجودہ حکومت نے حقیقی معنوں میں شجر کاری کی ہے انڈسٹریل اسٹیٹس میں بھرپور شجر کاری کی جارہی ہے اور شجرکاری مہم کے دوران لگائے گئے درختوں کی حفاظت اور مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ماحول کے حوالے سے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے عالمی بنک کے تعاون کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود نے کہا کہ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رہے گا، عالمی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے پنجاب نے بہترین اقدامات کئے۔ عالمی بنک کا تعاون اور اشتراک جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں