لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں ریکارڈ اضافہ، گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صوبہ بھر میں 4لاکھ 42 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس دوران ایک لاکھ 49ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس جبکہ ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔ ایک لاکھ 46ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ترجمان کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے، جبکہ 3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے۔ 73ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات سے استفادہ کیا۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل جاری ہے۔ ان کے مطابق بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے شعور بھی اجاگر کررہی ہے۔




