پنجاب کے 12اضلاع میں ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے قیام کا فیصلہ

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب کو ”باغوں کا صوبہ”بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت پہلے مرحلے میں 12 اضلاع میں ہارٹیکلچر ایجنسیاں قائم کی جائیں گی جبکہ موجودہ ضلعی اتھارٹیز کو قوانین کے مطابق ایجنسیوں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منتخب اضلاع میں ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیمیں قائم کر دی گئی ہیں جبکہ 15 اکتوبر سے قبل میونسپل کارپوریشن کا متعلقہ عملہ اور وسائل پی ایچ اے کو منتقل کر دیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق نئی تشکیل کردہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے لیے افسران کا انتخاب سرچ کمیٹی کرے گی، جبکہ ایم ڈی، ڈپٹی ایم ڈی اور دیگر افسران بھی تعینات کیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں مزید اضلاع میں ایجنسیاں قائم کی جائیں گی تاکہ پنجاب کے تمام شہروں میں سبزہ اور ہریالی میں اضافہ کیا جا سکے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق نئے باغات کے قیام کے لیے جگہ مختص کر دی گئی ہے اور موجودہ باغات کی حالت کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ صوبے میں گرین ایریاز بڑھانے سے ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منتخب 12 اضلاع میں شیخوپورہ، اوکاڑہ، گجرات، جہلم، خانیوال، ننکانہ، رحیم یار خان، مری، جھنگ، پاکپتن، خوشاب اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں