جڑانوالہ(نامہ نگار) پنجاب بھر کی طرح جڑانوالہ میں بھی ریونیو سمری2015پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف انجمنِ پٹواریاں کی قلم چھوڑ ہڑتال جاری’ تحصیل صدر انجمن پٹواریاں صدام وٹو کی قیادت میں پٹواریوں نے تحصیل آفس میں دفاتر کی مکمل تالہ بندی کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا، جس کے باعث ریونیو دفاتر میں سرکاری امور مکمل طور پر معطل رہے اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا احتجاجی دھرنے میں جنرل سیکرٹری میاں علی اصغر، محمد رفاقت کھوکھر سمیت دیگر پٹواریوں نے شرکت کی اور حکومت پنجاب و بورڈ آف ریونیو کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ریونیو سمری 2015 پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا اس موقع پر انجمنِ پٹواریاں کے تحصیل صدر صدام وٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹواری برادری اپنے جائز مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کر رہی ہے،تاہم حکومت کی جانب سے مسلسل عدم توجہی کے باعث ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک قلم چھوڑ ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔انجمنِ پٹواریاں کے رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریونیو سمری 2015 پر مکمل عملدرآمد تک احتجاج اور ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔




