پیرافورس نے غندہ گردی میں پولیس فورس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پیرافورس ”غنڈہ فورس” بن گئی، غنڈہ گردی میں پنجاب پولیس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، بلاجواز دکانیں سیل اور دکانداروں کو گرفتار کرنے سے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا مثبت امیج تباہ’ دکانداروں کے کاروبار بری طرح متاثر ہونے لگے’ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی جانب سے مہنگائی’ ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بنائی گئی پیرافورس ریڑھی بانوں اور دکانداروں کیلئے دردسر بن گئی ہے، وردیوں میں ملبوس پیرافورس کے اہلکار غنڈوں کی طرح اچانک دکانوں میں گھس جاتے ہیں اور زبردستی چیکنگ شروع کر دیتے ہیں جس سے دکاندار اور گاہک خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔ نوٹس دئیے بغیر بلاوجہ دکان سیل اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے کسی بڑے ملزم کی طرح گرفتار کر کے گاڑی میں ڈال کر لے جاتے ہیں۔ پیرافورس کے اہلکار مخالفین سے مبینہ طور پر پیسے لے کر بھی دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔ پیرافورس کے غیر قانونی اقدامات’ غنڈہ گردی اور نارروا سلوک سے دکاندار بہت پریشان ہیں اور ان کے کاروبار شدید متاثر ہو رہے ہیں جس کے باعث بعض دکاندار کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، پیرافورس کی دکانداروں کے خلاف بلاجواز کارروائیاں حکومت پنجاب کے چہرے پر سیاہ دھبہ بن چکی ہیں اور اس سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی پانی پھر گیا ہے اور دکانداروں میں پنجاب حکومت کیخلاف نفرت بڑھنے لگی ہے، دکانداروں اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور پیرافورس کو دکانداروں کو بلاوجہ تنگ کرنے سے روکنا چاہیے اور جو اہلکار رشوت اور غیر قانونی کاموں میں ملوث ہیں ان کو فوری طور پر فارغ کرنا چاہیے ورنہ دکاندار کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، جو دکاندار مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ضروری ہونی چاہئے مگر غنڈہ گردی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں