پی پی52’حنا ارشد وڑائچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

سیالکوٹ(بیوروچیف) حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی الیکشن 2025میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے میدان مار لیا، ریٹرننگ افسر نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوارحنا ارشد وڑائچ نے 78ہزار 702ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39ہزار 18ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6ہزار 832ووٹ حاصل کر سکے۔اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد شفاقت نے 4ہزار 851ووٹ حاصل کئے۔ واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔لیگی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد کے نام کر دیا، جیت پر حنا ارشد وڑائچ کے گھر پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے امیدوار نے پی پی 52 ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔رہنما پی ٹی آئی فاخر نشاط نے کہا ہے کہ پولنگ مکمل ہونے سے پہلے ہی فارم 45بنا لئے گئے، اس بار طریقہ واردات بدل دیا گیا اور فارم 45اپنی مرضی کے بنائے گئے، دھاندلی کے یہ نتائج ہم تسلیم نہیں کریں گے، ہم قیادت کے ساتھ بیٹھ کر اگلا لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔دریں اثنا الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور یقین دہانی کرائی ہے کہ شواہد لانے پر صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف پولنگ سٹیشنز کو بند کرنے کی خبر کو سراسر جھوٹ قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں