چائے صحت کیلئے فائدہ مند

کنبیرا (مانیٹرنگ ڈیسک) چائے پینا پسند کرتے ہیں؟ تو اس سے صحت کو ہونیوالا یہ فائدہ ضرور پسند آئے گاروزانہ مناسب مقدار میں پانی پینے سے جسمانی افعال کو درست رکھنے میں مدد ملتی ہے۔مگر ضروری نہیں کہ آپ صرف پانی پینے پر توجہ مرکوز کریں، دیگر مشروبات اور غذاں سے بھی جسم کو روزانہ درکار پانی کی ضرورت کو پورا کیا جاسکتا ہے۔اب ایک نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ پانی پینے کے ساتھ چائے یا کافی کا استعمال لمبی اور صحت مند زندگی کے حصول میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ روزانہ 7 یا 8 گلاس پانی، چائے یا کافی پینے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔اس تحقیق کے لیے ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد بالغ افراد کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا جو یوکے بائیو بینک سے لیا گیا تھا۔ان افراد سے غذائی عادات سے متعلق سوالنامے بھروائے گئے اور دیکھا گیا کہ وہ روزانہ کتنی مقدار میں پانی، چائے اور کافی استعمال کرتے ہیں۔ان افراد کی صحت کا جائزہ 13 سال تک لیا گیا اور دیکھا کہ اس عرصے میں کتنے افراد کو امراض یا موت کا سامنا ہوا۔تحقیق میں دریافت ہوا کہ جو افراد دن بھر میں 7 سے 8 بار سیال کے امتزاج (پانی، کافی یا چائے) کو جزو بدن بناتے ہیں، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 28 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ جو افراد دن بھر میں کم از کم 7 سے 8 مشروبات کا استعمال یقینی بناتے ہیں، ان کے جسم میں پانی کی مقدار بہترین سطح پر رہتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مگر جو افراد جسم کے لیے پانی کی ضروریات کا 60 فیصد حصہ پانی اور 40 فیصد چائے یا کافی سے پوری کرتے ہیں، ان میں موت کے خطرے میں نمایاں کمی آتی ہے۔البتہ تحقیق میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے یا کس قسم کی چائے یا کافی کا استعمال کرنا چاہیے۔البتہ ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں ان دونوں گرم مشروبات کو صحت کے لیے مفید ثابت کیا گیا ہے۔ 2021 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ 4 کپ کافی پینا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے جبکہ تکسیدی تنا اور ورم سے جڑے امراض جیسے موٹاپے، میٹابولک سینڈروم اور ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔تحقیق کے مطابق کافی پینے سے کینسر کی مختلف اقسام اور کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔دیگر تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ چائے پینے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض، عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے جسمانی مسائل اور ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق کافی اور چائے دونوں میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو شریانوں کے افعال کو معاونت فراہم کرتے ہیں اور صحت کو بہتر بناتے ہیں۔محققین کے مطابق مگر زیادہ چائے یا کافی پینے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ کیفین کے زیادہ استعمال سے امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں