چور نے مودی کی تصویر والا ماسک پہن لیا

بھیلواڑا (مانیٹرنگ ڈیسک) چور نے چوری کے دوران اپنی شناخت چھپانے کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر والا ماسک پہن لیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 28 جون کو بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع بھیلواڑا میں پیش آیا، چور کی سی سی ٹی وی کیمرے میں موبائل فون کی دکان کو لوٹنے کی کوشش کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ ہوئی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نریندر مودی کی تصویر والا ماسک پہنے ملزم نے موبائل فون کی دکان کا شٹر کھولنے کے لیے آہنی راڈ کا استعمال کیا، لیکن ناکام رہا۔پولیس حکام نے بتایا کہ چوری کی کوشش کرنے والا ملزم بھارتی وزیر اعظم کی تصویر والا ماسک پہنے ہوئے دیکھا گیا تھا، یہ ماسک بالآخر اس کی شناخت چھپانے میں ناکام رہا، کیونکہ آس پاس کے علاقوں میں نصب دیگر سی سی ٹی وی کیمروں نے دن کے وقت چور کا بغیر ماسک کے چہرہ ریکارڈ کر لیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر دن کے وقت اس علاقے کی ریکی کی تھی، جہاں اس نے بالکل وہی کپڑے پہن رکھے تھے لیکن ماسک نہیں لگایا ہوا تھا۔اگرچہ چوری کی یہ مخصوص کوشش ناکام رہی اور تالا نہ ٹوٹنے کی وجہ سے وہ خالی ہاتھ فرار ہوگیا، لیکن اسی رات محض 800میٹر کی دوری پر واقع ایک دوسری موبائل دکان میں چوری کی واردات رپورٹ ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں