چیف منسٹرز کارڈیک سرجری پروگرام شروع ہو گیا

لاہور(بیورو چیف)سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد صوبے بھر کے دل کے مریضوں کو مفت اور معیاری علاج فراہم کرنا ہے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق اس پروگرام کے تحت پنجاب کے 9 سرکاری اور 15 نجی کارڈیک اداروں میں مریضوں کو اوپن ہارٹ سرجری سمیت دیگر دل کے امراض کا علاج مفت فراہم کیا جائے گا۔ یہ سہولت پنجاب کے تمام مستقل رہائشی مریضوں کیلئے دستیاب ہوگی۔پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری بھی مکمل کر لی گئی ہے جسے اس منصوبے کی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔حکومت نے اس پروگرام کے لیے سالانہ 3 ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کیے ہیں جبکہ وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ اوپن ہارٹ سرجری کے مریضوں کی طویل ویٹنگ لسٹوں کو آئندہ 6 ماہ کے اندر ختم کیا جائے۔مزید برآں، شہریوں کی رہنمائی کے لیے 0800-09009 پر ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے جبکہ مریض پیر سے ہفتہ صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک 99066000 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت دل کے ہزاروں مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں