چیمپئنز ٹرافی ،طبل جنگ بج گیا،آج شاہین اور کیویز پنجہ آزما

کراچی( بیو رو چیف )شائقین کا انتظار ختم ہو گیا، کھلاڑیوں نے آستینیں چڑھا لیں، طبل جنگ بج گیا، کون کس پر بھاری ہوگا؟ سب نے بہترین تیاری کر لی، چیمپئنز ٹرافی کا چیمپئن کون بنے گا؟ معرکہ آرائی کا آج سے آغاز ہوگیا۔ پاکستان 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر رہاہے، اپ گریڈیشن کے بعد تینوں اہم سٹیڈیمز کی حالت بدل چکی ہے، اب فیلڈ میں بہترین کھیل سے گرین شرٹس کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے اعزاز کا دفاع کرنا ہے بلکہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی توقعات کو بھی پورا کرنا ہو گا۔چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں آج پاکستان نیوزی لینڈ سے پنجہ آزما ہے، میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے گزشتہ دونوں باہمی میچز میں فتح کی بدولت مہمان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں البتہ میزبان سائیڈ نے بھی بڑے میچ میں شکستوں کا حساب چکتا کرنے کا ارادہ کر لیا۔پاکستان ٹیم کی دیار غیر میں ون ڈے میچز میں کارکردگی شاندار رہی البتہ ہوم گراؤنڈ پر ٹرائنگولر سیریز میں کھلاڑیوں نے مایوس کیا، جنوبی افریقہ کیخلاف رضوان اور سلمان کی عمدہ بیٹنگ نے ریکارڈ ہدف کی فتح دلائی البتہ کیویز سے فائنل سمیت دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔آج سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بیٹنگ میں بابر اعظم اور فخر زمان پاکستانی عوام کی امیدوں کے محور ہوں گے، کپتان محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے بھی عمدہ کھیل کی توقع ہے، بالرز کو رنز کے سیلاب کو روکنا ہو گا، شاہین آفریدی کا ساتھ دینے کیلئے حارث رف بھی فٹ ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں