اسلام آ باد(بیورو چیف)پاکستان نے شانگلہ دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والے اپنے چینی محسنوں کی میتیں گھر پہنچنے سے پہلے ان کے قتل میں ملوث دس دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ شانگلہ میں خودکش حملہ میں جاں بحق ہونے والی پانچ چینی انجینئروں کی میتیں آج شب راولپنڈی سے خصوصی طیارے کے زریعہ عوامی جمہوریہ چین روانہ کی گئی ہیں۔کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ شانگلہ خودکش حملے میں ملوث 10سے زائد دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ شانگلہ دہشتگرد حملہ میں ملوث گروہ کا اہم کمانڈر اور دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے۔سی ڈی ٹی کے ذرائع کے مطابق حملے میں ملوث نیٹ ورک کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے جب کہ چین کے مہمان انجینئروں کی گاڑی پر حملہ میں استعمال ہونے والے خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے۔
