ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت ،دوران ڈلیوری خاتون اور نومولود جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ بلال روڈ پر واقع عبدالشکور ٹرسٹ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث حاملہ خاتون اور نومولود جاں بحق ہو گئے، متوفیہ کے لواحقین کا ہسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاج’ تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکٹروں کیخلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی پر منتشر ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 224 رب کی رہائشی 8ماہ کی حاملہ ہیرا بی بی کو ڈلیوری کے سلسلہ میں عبدالشکور ٹرسٹ ہسپتال لایا گیا جہاں پر مبینہ طور پر ڈاکٹروں نے انجکشن لگایا تو خاتون کی حالت بگڑ گئی تو ڈاکٹروں نے فوری طور پر آپریشن کیا جس کے باعث ماں اور نومولود بچہ چل بسے۔ فوتگی کی اطلاع ملتے ہی متوفیہ کے لواحقین نے موقع پر پہنچ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے توڑ پھوڑ بھی کی اور لواحقین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے غلط انجکشن لگایا جس کی وجہ سے خاتون اور بچے کی موت واقع ہوئی۔ تاہم بٹالہ کالونی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی تو احتجاجی مظاہرین منتشر ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں