ڈویژن بھر میں کھیلوں کے فروغ اور معیاری تعلیم پر توجہ دی جائے،کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے تحصیل نوشہرہ کے موضع کْفری کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحصیل نوشہرہ میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 40 فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جا رہے ہیں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تین پلانٹ موضع کفری میں لگائے جائیں اور تمام فلٹریشن پلانٹس آبادیوں کے قریب ایسے مقامات پرنصب کیے جائیں جہاں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی ضرورت زیادہ ہو۔ کمشنر سرگودہا کی ہدایت پر کْفری میں نوجوانوں کیلئے سپورٹس گراؤنڈ مختص کیا گیا ہے۔ کمشنر نے سائٹ کا معائینہ کیا اور سپورٹس گراؤنڈ کو اے ڈی پی اسکیم میں شامل کر کے باقاعدہ ترقیاتی منصوبے کے طور پر تعمیرکرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر خوشاب کو سون ویلی میں کھیلوں کے مقابلے شروع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ والی بال کے علاوہ ٹیپ بال کرکٹ ،سون ویلی پریمیئر لیگ کا انعقاد کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع دینا حکومت کی ترجیح ہے تاکہ دیہی علاقوں میں کھیلوں کی روایت مضبوط ہو۔کمشنر جہانزیب اعوان نے کْفری ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز میں جا کر طلبہ سے نصاب سے متعلق سوالات کیے اور تعلیمی معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ بچوں کی کردار سازی اور معیاری تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ طلبہ مستقبل میں ملک و قوم کے کارآمد شہری بن سکیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایک فلٹریشن پلاٹ کفری ہائی سکول میں نصب کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ بلال حسن اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں