1

ڈپٹی کمشنر کا ناقص صفائی پر سخت اظہار برہمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ستھرا پنجاب اور مین ہول کور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر اور دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ناقص صفائی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی میں کوتاہی کے مرتکب کنٹریکٹرز پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک متعلقہ علاقہ مکمل طور پر صاف نہیں ہوگا، جرمانے روزانہ کی بنیاد پرکئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ مینجرز اور مانیٹرنگ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ فیلڈ سے تصاویر اور رپورٹس ارسال کریں تاکہ صفائی کے عمل کی مثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں شہر بھر میں مین ہولز کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا ایک بھی مین ہول کھلا نہیں رہنا چاہیے۔ویسٹ ورکرزکودوران ڈیوٹی کھلامین ہول ملے تو فوری طور پر کور کرکے متعلقہ محکمے کو اطلاع دیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں کے دورے کریں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنائیں۔دیہی علاقوں میں تالابوں میں کھڑے پانی کے نکاس کے لئے ڈپٹی کمشنر نے واسا اور ضلع کونسل کی مشینری فوری طور پر استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں