فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پیرافورس کیخلاف شکایات کی بھرمار’ کارکردگی نہ ہونے کے برابر’ تاجر برادری کا پیرافورس کے بارے میں اظہار تحفظات’ نامناسب رویہ’ غنڈہ گردی جیسا طرز عمل اختیار کرنیکی شکایات’ ارباب اختیار سے صورتحال کا فوری نوٹس لیکر بھرپور اقدامات اٹھانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں پیرافورس کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، پنجاب حکومت نے جن امور میں بہتری کے لیے پیرافورس قائم کی تھی وہ جوں کے توں ہیں جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس کے عملے کی کوئی ٹریننگ نہیں ہے اور ادھر اُدھر سے پکڑ کر جن لوگوں کو یہاں لایا گیا ہے وہ احسن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے’ ان لوگوں کی ایک طرف کوئی خاص ٹریننگ نہیں ہے، دوسری طرف تاجر جو ٹیکسز ادا کر کے نظام چلانے میں معاونت فراہم کرتے ہیں ان سے پیرافورس کا رویہ نامناسب ہے، ٹیکسز ادا کرنیوالے تاجر معاشرے کا معتبر طبقہ ہیں’ ان کا کہنا ہے کہ پیرافورس کو پابند کیا جائے کہ وہ کاروباری طبقہ سے روا رکھا جانیوالا رویہ تبدیل کریں اور ان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا بھی پابند بنایا جائے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ پیرافورس اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کیلئے سخت رویہ اختیار کرتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پیرافورس کی کارکردگی میں بہتری کیلئے موثر ترین حکمت عملی طے کر کے اس پر عملدرآمد کروایا جائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ وہ اپنے رویوں میں بہتری لائیں۔




