کاشتکاروں کودھچکا’ کھاد کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں مہنگائی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اسی طرح کھاد کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دستاویز کے مطابق ایک ہفتے میںڈی اے پی کھاد کی بوری کی قیمت میں 36روپے تک اضافہ ہوگیا۔ ڈی اے پی کھاد بوری کی اوسط قیمت 12937روپے ہوگئی۔کوئٹہ میں ڈی اے پی کھاد سب سے مہنگی، فی بوری 13400روپے تک پہنچ گئی، فیصل آباد میں ڈی اے پی کی فی بوری 13150 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ڈی اے پی کی قیمت میں 1578روپے اضافہ ہوا۔دستاویز کے مطابق ایک ہفتے میں پوٹاشیم سلفیٹ کھاد کی قیمت میں 95روپے کا اضافہ ہوا، پوٹاشیم سلفیٹ کھاد فی بوری کی اوسط قیمت 12145روپے ہوگئی۔ فیصل آباد میں پوٹاشیم سلفیٹ کھاد سب سے زیادہ 13800روپے میں فروخت جاری ہے۔ایک ہفتے میں نائٹرو فاسفیٹ کھاد کی قیمت میں 12روپے اضافہ دیکھا گیا، نائٹرو فاسفیٹ کھاد فی بوری کی قیمت 8075روپے تک پہنچ گئی۔دستاویز کے مطابق ایک ہفتے میں نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاشیم کھاد 6روپے مہنگی ہوگئی، نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاشیم کھاد کی فی بوری 8990 روپے ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں