کراچی (بیوروچیف) کراچی پورٹ ٹرسٹ نے138سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی نے5کروڑ46 لاکھ85ہزار ٹن کارگو ہینڈلنگ کا سابقہ ریکارڈ عبور کر لیا، کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ بحری شعبے کی ترقی کا واضح ثبوت ہے۔جنید انوار چودھری نے کہا کہ پاکستان کو خطے کا مضبوط بحری و تجارتی مرکز بنانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں، بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی اور توسیع کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے۔وزیر بحری امور نے کہا کہ سرمایہ کاری، لاجسٹکس اور بندرگاہی نظام کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین کے پی ٹی، افسران اور ملازمین کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابل تحسین ہیں۔چیئرمین کے پی ٹی ایڈمرل شاہد احمد کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ کی استعداد، آپریشنل کارکردگی اور انتظامی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی۔ کراچی پورٹ کی مسابقتی صلاحیت مزید بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔




