کروڑوں کی خرد برد،فیصل آباد چیمبر کے سابق صدر عاصم خورشید کا بیٹا گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی فیصل آباد نے کروڑوں کی رقم خردبرد کرنے کے الزام میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر خواجہ عاصم خورشید کے بیٹے شازم خورشید کو دبئی سے گرفتار کر لیا گیا۔ سی سی ڈی کے مطابق دبئی سے انٹرپول کے ذریعے پکڑے جانے والے ملزم شازم خورشید نے دھاگے کے کاروبار سے منسلک ستیانہ روڈ کے تاجر عرفان اﷲ کو پیراڈائز میں مکان خریدنے کا جھانسہ دیکر 3کروڑ سے زائد رقم خردبرد کی تھی۔ اس کے علاوہ مقبول نامی شہری سے 3کروڑ روپے مالیت کی لینڈ کروزر بیچنے کا جھانسہ دیکر رقم ہتھیالی تھی۔ علاوہ ازیں شازم خورشید اور اسکی والدہ کے خلاف بنک منیجر عامر سہیل سکنہ خیابان کالونی نے مقدمہ درج کروایا کہ موصوف نے جنوری 2022ء میں 8تولے زیورات اور فینسی پارجات نمائش کیلئے امانت لیکر خردبرد کر لئے تھے، جس پر ملزم اشتہاری ہونے پر دبئی فرار ہو گیا تھا، تاہم سی سی ڈی نے ملزم شازم خورشید کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے مدینہ ٹائون پولیس کے حوالے کردیا، جس پر مدینہ ٹائون پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں