کرپشن کیس میں گرفتار سیکرٹری یونین کونسل ہسپتال میں چل بسا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)3بچوں کے باپ کی خود کشی ۔ کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، برخاست شدہ سیکرٹری یونین کونسل ہسپتال میں چل بسا، مبینہ پولیس مقابلہ میں کار سنیچر اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی۔تفصیل کے مطابق تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ کوہ نور فلیٹ کے رہائشی عمران ولد شاہ محمد نے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندہ ڈال کرپنکھے سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔مقتول 3بچوں کا باپ تھا۔متوفی نشے کا عادی تھا اور اس کے اہلخانہ شادی پر گئے ہوئے تھے۔تاندلیانوالہ کے علاقہ ٹھٹھہ ملوکے کے رہائشی 48سالہ گلزاراں بی بی نے کپڑے دھو کر ٹی آر سے بندھی آہنی تار پر لٹکائے ہوئے تھے کہ گارڈر پر لگے پنکھے میں شارٹ سرکٹ کے باعث کرنٹ آ گیا تو کپڑے پھیلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 48سالہ گلزاراں بی بی زوجہ انور ،30سالہ عزیزاں بی بی زوجہ قادر،28سالہ آفتاب ولد ظہور اور50سالہ ظہور ولد ابو بکر بری طرح جھلس گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 50سالہ ظہور احمد ولد ابو بکر زندگی کی بازی ہار چکا تھا جبکہ دیگر کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کر دیا، کرپشن کی بنا پر ملازمت سے برخاست ہونے والا سیکرٹری یونین کونسل عمران بھٹی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کر کے ضمانت مسترد ہونے پر ڈسٹرکٹ جیل پہنچا دیا ،ڈپٹی سیکرٹری یونین کونسل عمران بھٹی شوگر اور بلڈ پریشر کا مریض تھا ، گزشتہ روز جیل میں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا، یاد رہے کہ دو ماہ قبل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے جعلی نکاح نامے تیار کرنے پر نوکری سے برخاست کر دیا تھا اور وہ شدید پریشان تھا۔ علاوہ ازیں پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے دھنولہ روڈ پر دوران گشت مشکوک گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں موجود افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی تو سی سی ڈی نے پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کر دی۔ 25منٹ مقابلہ جاری رہنے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ رُکا تو پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کے دوران ایک نوجوان شدید زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس کی شناخت شہزاد ولد انور سکنہ کنجوانی کے نام سے ہوئی جبکہ اسکے دیگر ساتھی رقم وغیرہ’ کار چھوڑ کر رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر کار سے پولیس کی یونیفارم’ وائرلیس سیٹ’ جعلی سروس کارڈ وغیرہ برآمد ہوئے۔ زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارا جانے والا اشتہاری کار چھیننے اور چوری کرنے کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اسکے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں