کمشنر سرگودھا شوکت علی کا سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں کا دورہ

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔ کمشنر نے سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری سٹی بیوٹیفکیشن کے کاموں کا موقع پر معائنہ کیا۔ اس موقع پر بلڈنگ ڈیپار ٹمنٹ، میونسپل کارپوریشن، متعلقہ انجینئرز، ٹھیکیدار اور فیسکو حکام موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے شعبو ں سے متعلق بریفنگ دی۔ مقامی تاجروں نے بھی کمشنر سے ملاقات کی اور تعمیراتی کام کے دوران درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ اس موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کا مقصد شہر کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں اور کاروباری طبقے کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام مراحل کی خود نگرانی کی جا رہی ہے۔بعد ازاں کمشنر حافظ شوکت علی نے کباڑی بازار سٹرک کی تعمیر و بحالی کے جاری کام کا بھی موقع پر جا کر جائزہ لیا اور تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ سڑک کو جلد از جلد عوام کے لیے کھولا جا سکے۔ انہوں نے کباڑی بازار چوک کو خوبصورت ماڈل چوک میں تبدیل کرنے اور وہاں تزئین و آرائش کے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور سی او ایم سی ماجد بن احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں