کمشنر سرگودھا شوکت علی کا واسا کے میگا منصوبوں کا اچانک دورہ

سرگودھا(بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے وزیر اعلیٰ کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں واسا کے تقریباً 14 ارب روپے کے جاری میگا پراجیکٹس کا مختلف مقامات پر جا کر معائنہ کیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر نے بلاک نمبر31 میں بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے زیر تعمیر اسٹوریج ٹینک اور ڈرین کا معائنہ کیا اور جاری کام پر بریفنگ لی۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ بلاک31 اور32سمیت قریبی آٹھ بلاکس میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کا سنگین مسئلہ رہتا تھا۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف نئی ڈرین تعمیر کی جا رہی ہے بلکہ بارشی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے اسٹوریج پوائنٹس بھی بنائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جا سکے۔کمشنر سرگودھا نے جناح کالونی میں واسا کے زیر تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کی سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن 31 مئی مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈسپوزل کو فعال بنانے کے لیے اس کے ساتھ منسلک سیوریج لائن کی تعمیر کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے اور کام کی رفتار، معیار اور مقررہ مدت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی اقدام ہے، جس کا مقصد شہریوں کو نکاسی آب کے بہتر نظام کی فراہمی اور مسائل کا دیرپا حل ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی ایم او میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں