کمشنر سرگودھا کا سبھروال کالونی پارک کو مقررہ مدت میں مکمل کرنیکا حکم

سرگودہا(بیورو چیف) کمشنرسرگودہاڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے پی ایچ اے کے زیر تعمیر سبھروال کالونی پارک کی سائٹ کا معائینہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے شفیق نیازی نے بریفنگ میں اب تک کے تعمیراتی کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ علاقہ میں کوئی پبلک پارک نہ ہے، پارک کی تعمیر سے علاقے کے مکینوں کو صحت مند ماحول میسر ہوگا۔کمشنر نے پارک کا کام تعمیری انداز میں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہارٹیکچر کا کام بھی ساتھ شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ بعدازاں کمشنر جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے گورنمنٹ پرائمری سکول سبھروال کالونی کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تدریسی عمل، اساتذہ اور عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور سکول کی مجموعی پرفارمینس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دونوں افسران نے کلاس رومز، لان اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا اور سکول کی طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے تدریسی سہولیات بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انکی کردار سازی اور غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں