کمشنر سرگودھا کا ناقص کارکردگی پر12پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف کارروائی کا حکم

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودہا کا ناقص کارکردگی پر 12پرائس مجسٹریٹس کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم۔ای بز پورٹل اور سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ، بھکر میں27فیصد کام مکمل ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ناقص کارکردگی پر12پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے 5پرائس مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ شاندار کارکردگی پر مینیجر جاب بیورو بھکر ادریس جمیل کو دوسرا تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا گیا۔ یہ فیصلے انہوں نے پرائس کنٹرول، ای بز پورٹل کی پیشرفت اور سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیے۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران بطور پرائس مجسٹریٹ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھائیں، کیونکہ عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مقررہ ریٹ لسٹ ہر دکان پر نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو انسپکشن کے ثمرات براہ راست نظر آئیں۔جہانزیب اعوان نے کہا کہ پرائس کنٹرول معاملات پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ جو افسران کارکردگی بہتر نہیں بنائیں گے، انہیں پیڈا ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کا سامنا کرناپڑے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے افسران جن کی رپورٹس تسلی بخش نہیں انہیں سرنڈر کر دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر برطرفی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں 15 اکتوبر سے 10 نومبر تک کی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے دریا خان تحصیل کی مجموعی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایت کی۔ای بزپورٹل پر پیشرفت کے حوالے سے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرگودہا ڈویژن میں اب تک مختلف محکموں کو 238 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 162 منظور، 17 مسترد جبکہ بقیہ زیرِ عمل ہیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ اب کسی بھی محکمے میں کوئی مینول درخواست وصول نہیں کی جائے گی اور ای بیز پورٹل سے متعلق آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے بلڈنگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کا مکمل وزٹ کریں بغیر نقشہ تعمیر ہونے والی عمارتوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ سٹی بیوٹیفکیشن منصوبوں کے بارے میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھکر میں وزیرِاعلی پنجاب کے خصوصی سٹی بیوٹیفکیشن انیشیٹو کے تحت 27 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ میانوالی میں ٹینڈرز کا عمل جاری ہے، اگلے ہفتے ورک آرڈر جاری کیا جائے گا۔ خوشاب میں رواں ماہ کے آخری ہفتے اور سرگودھا میں 15 نومبر سے کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، اے ڈی سی آر بھکرعبدالقدیر، اے ڈی سی جی میاںوالی مدثر عباس، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور دیگر افسران شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں