کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت عیدالاضحی کے حوالے سے اجلاس

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا جس میں میونسپل کارپوریشن، پی ایچ اے، ہائی ویز، ایس ڈبلیو ایم سی اور سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مختلف شعبہ جات کو دیے گئے اہداف کی ہفتہ وار پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ چیف آفیسر سرگودہا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران نے اجلاس کو عید الاضحیٰ صفائی پلان سے آگاہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ ہفتوں میں ٹھیکیداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے کٹوتیوں کی پالیسی سے غیر فعال ٹھیکیداروں کو بہتر کارکردگی دکھانے پر مجبور کیا گیا ہے۔ کمشنر نے اس موقع پر سپروائزری سٹاف کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی تاکہ صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔ میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر حامد چھٹہ نے شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے جاری منصوبے سے متعلق تفصیلات پیش کیں اور بتایا کہ مرمتی کام کے ساتھ ساتھ ڈسپوزل سٹیشنز کی مشینری کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سیوریج لائنوں کی صفائی مقررہ وقت میں مکمل کی جائے۔میونسپل آفیسر ریگولیشن زویا مسعود بلوچ نے انسداد تجاوزات کے حوالے سے ایک ہفتہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ تاہم کمشنر نے کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تین ٹیمیں تشکیل دینے اور اضافی افرادی قوت فراہم کرنے کے باوجود شہر میں خاطر خواہ تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ خالی کروائے گئے فٹ پاتھوں پر دوبارہ تجاوزات نہ ہونے دی جائیں اور ٹیمیں بروقت فیلڈ میں موجود ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں