کمشنر کی سربراہی میں سموگ مانیٹرنگ و کنٹرول کمیٹی قائم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے فیصل آباد ڈویژن میں فضائی آلودگی، سموگ کی روک تھام اور مانیٹرنگ کے لئے 16رکنی سموگ مانیٹرنگ و کنٹرول کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کے چیئرپرسن کمشنر فیصل آباد ہوں گے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، سی پی او، سی ٹی او، ڈی جی ایف ڈی اے، ڈائریکٹر ماحولیات،ایم ڈی واسا، ڈی جی پی ایچ اے، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اورمحکمہ صنعت و زراعت کے نمائندے شامل ہیں۔اس کے علاوہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈیپارٹمنٹ آف انوائرنمنٹ سائنسز اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انسٹیٹیوٹ آف سوائل اینڈ انوائرنمنٹ سائنسز کے چیئرمین اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔کمیٹی کی ذمہ داریوں میں ایئر کوالٹی انڈکس کی مانیٹرنگ،آلودگی کے مقامات کا تعین، دھواں چھوڑتی گاڑیوں، صنعتی یونٹس، فصلوں کی باقیات اور کوڑا جلانے کے خلاف ایس او پیز کا نفاذ شامل ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں میں صفائی ستھرائی اور سرسبز ماحول کے فروغ، میڈیا کے ذریعے صحت عامہ سے متعلق آگاہی مہم چلانے اور فضائی آلودگی و سموگ کے حوالے سے تجزیاتی رپورٹس کا جائزہ لینا بھی کمیٹی کے مینڈیٹ میں شامل ہوگا۔کمیٹی اکتوبر2025 سے جنوری2026 تک ہفتہ میں دو بار اجلاس منعقد کرے گی اور اپنی عملدرآمد رپورٹ کمشنر کو پیش کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں