22

کم عمر افراد کو سگریٹ فروخت پر جرمانہ کیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی نے ڈویژنل ٹو بیکو کنٹرول ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد تمباکو نوشی قانون پر عمدرآمد کو تیز کرنے اور فیصل آباد ڈویژن کوتمباکو سے پاک ڈویژن بنانے کے لئے موثرکارروائی کریں جس میں عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جبکہ فی الفورتمباکو نوشی قانون کی خلاف ورزی پر عمل کرتے ہوے کھلے سگریٹ کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کوسگریٹ فروخت کرنے، تعلیمی اداروں سے پچاس میٹرتک کے فاصلے پر سگریٹ فروخت،امپورٹڈ اور کھلے سگریٹ بیچنے والوں کو بھاری جرمانہ عا ئد کیا جائے اسی طرح شیشہ اور دوسری تمباکونوشی مصنوعات فروخت اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔”ٹوبیکو کنٹرول ٹاسک فورس کے اجلاس کے شرکا کوآگاہ کرتے ہوئے پراجیکٹ منیجروزارت قومی صحت نے بتایا کہ تمباکو نوشی سے روزانہ 450، افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں جبکہ 1200 پاکستانی بچے روزانہ تمباکو نوشی شروع کر رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 12 لاکھ دوسرے درجے کی تمباکو نوشی سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ عوامی مقامت کو تمباکو نوشی سے پاک بنانا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے انسداد تمباکو نوشی قانون پر عملدرآمدپر زور دیا۔اجلاس میں تمام اضلاع سے ڈپٹی کمشنر،فیصل آباد سے ریجنل پولیس آفس،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس، پنجاب فوڈاتھارٹی کے نمائندگان اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے تمباکو نوشی نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈی جی ہیلتھ آفس لاہور نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ سال2025 میں 3238 چھاپوں میں 2260 ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو تین کروڑ سے زائد جرمانے کئے گئے جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے 33 ہزار سے زائد غیر قانونی سگریٹ پکڑا اور شیشہ کے استعمال پر 30 سے زائد ایف آئی آر درج کی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز، سٹی پولیس آفیسر،سٹی ٹریفک پولیس دفاتر، فیصل آباد ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری، پنجاب فوڈ اتھارٹی،ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نار کوٹیکس کنٹرول اور پاکستان ریلوے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن نے ڈویژنل ٹو بیکو کنٹرول ٹاسک فورس کے اجلاس کے آخر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع ضلعی عمل درآمد کمیٹی کی میٹنگ کا فورا انعقاداورانفورسمنٹ کے عمل کو تیز کریں اور ماہانہ انفورسمنٹ رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کرائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں