فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر ) کچہری بازار بیوٹیفکیشن منصوبہ دو سال بعد بھی مکمل نہ ہو سکا ،قیمتی سامان غائب ،شہری حلقوں کا ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مصروف ترین بازار کچہری بازار کوخوبصورت بنانے کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے دو سال قبل بیوٹیفکیشن منصوبہ شروع کیا گیا تھا، منصوبے کے تحت بازار کو ٹریفک فری، تجاوزات سے پاک اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنا تھا، تاہم کئی کام تاحال نامکمل ہیں، گرین بیلٹ میں بنائی گئی راہداری کے لوہے کے پائپ، فائر بریگیڈ واٹر آؤٹ لیٹ (ہائیڈرنٹ)، متعلقہ آلات اور چند واٹر کولرز اور کچھ تعمیراتی سامان مبینہ طور پر غائب ہو چکاہے، اس حوالے سے متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔بازار میں ہائیڈرولک بیریئر، الیکٹرک بیریئر، بعض سٹریٹ لائٹس اور کوڑا دان کی حالت بھی درست نہیں ، داخلی راستے پر ٹریفک کنٹرول اور تجاوزات کے مسائل اب بھی موجود ہیں جس کے باعث تاجروں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،تاجروں اور شہری حلقوں نے ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کا فوری جائزہ لیا جائے، مبینہ طور پر غائب ہونے والے سامان کی تحقیقات کی جائیں اور منصوبہ جلد مکمل کر کے عوام کے لیے فعال بنایا جائے۔




