کھانے کا مثالی وقت ؟

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) غذائی کیلوریز کی محدود مقدار اور رات گئے کچھ کھانے سے گریز کرنے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ دن بھر میں کھانے کا وقت بھی بہت اہم ہوتا ہے۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔یو ٹی ساتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانے کا مخصوص وقت عمر بڑھنے کے ساتھ صحت کو ٹھیک رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اس تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے گئے تھے اور انہیں مخصوص اوقات میں کھانا دیا گیا۔تحقیق کے مطابق جسمانی گھڑی کے مطابق غذا کو جزوبدن بنانے سے عمر میں اضافے کے ساتھ صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک صدی کے دوران انسانی اوسط عمر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے مگر اب بھی زیادہ تر افراد زندگی کا 10 فیصد سے زیادہ وقت مختلف امراض کا مقابلہ رکتے ہوئے گزارتے ہیں۔عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والے دائمی امراض اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس تحقیق میں دریافت ہوا کہ کیلوریز کی مقدار میں کمی لانے سے درمیانی عمر یا بڑھاپے میں لاحق ہونے والے دائمی امراض جسیے کینسر، امراض قلب یا دماغی تنزلی سے متاثر ہونے کا خطرہ 50 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔اسی طرح رات گئے کی بجائے جلد کھانا کھانے سے بھی مختلف امراض کا خطرہ 35 فیصد تک کم ہو جاتا ہے اور وقت کے ساتھ صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔اس تحقیق میں 528 صحت مند چوہوں کو شامل کیا گیا اور ان کی زندگی کے اولین 8 ہفتوں کے دوران انہیں زیادہ مقدار میں ہر اس وقت غذا فراہم کی گئی جب وہ کھانا چاہتے تھے۔8 ہفتوں بعد 2 گروپس بنائے گئے اور ایک گروپ کو پرانے طرز زندگی کے ساتھ رہنے کا موقع دیا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو 2 سے 12 گھنٹوں کے دوران دن بھر کی تمام غذا فراہم کر دی گئی۔اس کے بعد محققین نے ان چوہوں کی صحت کا جائزہ ان کی پوری زندگی تک لیا اور مجموعی صحت کا تجزیہ کیا گیا۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دن بھر میں 8 گھنٹوں کے اندر غذا کو کھانے والے چوہوں کی زندگی کی مدت میں 12 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دیگر گروپس میں یہ فائدہ نظر نہیں آیا۔البتہ محدود وقت کے دوران دن بھر کی غذا جزوبدن بنانے والے چوہوں کی مجموعی صحت نمایاں حد تک بہتر ہوگئی جبکہ دائمی امراض اور موٹاپے کا خطرہ گھٹ گیا۔تحقیق میں بتایا گیا کہ 12 گھنٹے کے اندر دن بھر کی غذا کھانے سے بھی چوہوں کی صحت میں وقت کے ساتھ نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔محققین نے بتایا کہ انسانوں کے لیے بھی صبح کے ناشتے کے بعد 12 گھنٹوں کے دوران دن بھر کی غذا کا استعمال مثالی ہوتا ہے مگر اس حوالے سے تحقیق کی ضرورت ہے۔اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر ایجنگ میں شائع ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں