گوادر پورٹ پر خصوصی جہاز کی برتھنگ ،اہم سنگ میل قرار

اسلام آباد(بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ تیزی سے ایک محفوظ اور اسٹریٹجک بحری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے کیونکہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث عالمی شپنگ لائنز روایتی خلیجی راستوں کے متبادل محفوظ روٹس تلاش کر رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب خصوصی جہاز ایم/وی ایچ ایم او لیڈر کامیابی کے ساتھ گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوا، جو 35 جنرل ٹرانس شپمنٹ کارگو کے یونٹس لے کر آیا ہے، یہ پیش رفت ایک اہم آپریشنل سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بین الاقوامی میری ٹائم آپریٹرز کارگو کے بہاؤ کو پاکستان کے جنوب مغربی ساحل کی جانب منتقل کر رہے ہیں۔جنید چوہدری نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی نے روایتی شپنگ روٹس کو متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں گوادر پورٹ کو ایک قابلِ اعتماد اور محفوظ ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر سامنے آنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوادر اپنی اسٹریٹجک لوکیشن اور جدید انفراسٹرکچر کی وجہ سے تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں کے لیے ایک محفوظ مرکز بن رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کی بڑی تعداد گوادر پورٹ سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ کارگو اسٹوریج اور آگے ترسیل کے لیے اس کی سہولیات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ اس تبدیلی کو آسان بنانے کے لیے پورٹ حکام ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جس کا مقصد کارگو کے حجم میں اضافہ اور خطے میں گوادر کی مسابقتی حیثیت کو مضبوط بنانا ہے۔انھوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اور اس کے مربوط فری زون میں اس وقت تقریباً 16 ہزار ٹی ای یوز کنٹینرائزڈ کارگو ہینڈل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ جنرل کارگو اسٹوریج کے لیے 90 ہزار مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے۔وزیر بحری امورکے مطابق ایم/وی ایچ ایم او لیڈر کی کامیاب ہینڈلنگ گوادر کی بڑھتی ہوئی آپریشنل صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ ہے۔ مالی مراعات، بڑھتی ہوئی گنجائش اور نسبتاً مستحکم ماحول کے باعث یہ بندرگاہ بتدریج ایک اہم علاقائی تجارتی مرکز بننے کی جانب گامزن ہے۔جنید چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر پورٹ پاکستان کی بلیو اکانومی کے فروغ، بحری تجارت کے استحکام اور علاقائی و عالمی منڈیوں کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں